نئی دہلی(شِنہوا)بھارتی حکومت نے کینیڈا میں مقیم اپنے شہریوں کو ایسے علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے جہاں بھارت مخالف سرگرمیوں کا خطرہ لاحق ہے۔
یہ ہدایت کینیڈا میں ایک سکھ رہنما کے قتل کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کے تناظر میں بدھ کے روز سامنے آئی ہے جس کا الزام کینیڈا کی حکومت نے بھارتی ایجنسیوں پر عائد کیا تھا۔
دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفارت خانوں سے ایک ایک سفارت کار کو ملک بدر کیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا میں بڑھتی ہوئی بھارت مخالف سرگرمیوں اور سیاسی طور پر قابل مذمت نفرت انگیز جرائم اور مجرمانہ تشدد کے پیش نظروہاں مقیم تمام بھارتی شہریوں سے سفر کے دوران انتہائی احتیاط برتنے کی اپیل کی گئی ہے۔