اوٹاوا (شِنہوا) کینیڈا نے ایران کی مسلح افواج کی ایک شاخ اسلامی پاسداران انقلاب کو "'دہشت گرد تنظیم" کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔
وزیرعوامی تحفظ ڈومینک لا بلانک نے اعلان کہ کہا کہ اسلامی پاسداران انقلاب کی "دہشت گرد سرگرمیوں سے نمٹنے " کے لئے کینیڈا اپنے تمام وسائل استعمال کرے گا۔
لا بلانک نے کہا کہ اسلامی پاسداران انقلاب کے اعلیٰ ارکان سمیت ایرانی حکومت کے ہزاروں اعلیٰ عہدیداروں کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی لگادی گئی ہے اور جو افراد پہلے ہی ملک میں موجود ہیں ان کے خلاف تحقیقات کرکے انہیں نکالا جاسکتا ہے۔
عوامی تحفظ کینیڈا کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس فہرست میں شامل ہونے کے بعد بینک اور بروکریجز جیسے کینیڈا کے مالیاتی ادارے مذکورہ تنظیم کے ملکیتی اثاثے فوری طور پر منجمد کردیتے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی دہشت گرد گروپ کی ملکیتی یا کنٹرول والے اثاثوں سے کسی بھی قسم کا لین دین کینیڈا اور بیرون ملک کینیڈین شہریوں کے لیے مجرمانہ فعل تصور کیا جاتا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق خیراتی ادارے اگر دہشت گرد گروہوں سے اپنے روابط برقرار رکھتے ہیں تو وہ اپنی حیثیت کھو سکتے ہیں اور ان گروہوں سے وابستہ افراد کے کینیڈا میں داخلے پر پابندی لگائی جاسکتی ہے۔
امریکہ نے 2019 میں اسلامی پاسداران انقلاب کو "دہشت گرد تنظیم" قرار دیا تھا۔