اوٹاوا(شِنہوا)کینیڈا کے صوبے کیوبیک کی عدالت نے میک گل یونیورسٹی کی مانٹریال میں واقع اس کےکیمپس سے فلسطین کے حامیوں کے کیمپس ہٹانے کے لیے حکم امتناعی کی درخواست مستردکر دی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق کینیڈا میں، اپریل کے آخر میں میک گل یونیورسٹی میں فلسطینیوں کی حمایت میں 20 خیموں پرمشتمل کیمپ لگایا گیا تھا، جس کے بعد وینکوور میں یونیورسٹی آف برٹش کولمبیا، یونیورسٹی آف اوٹاوا،اونٹاریو میں ویسٹرن یونیورسٹی اور ٹورنٹو یونیورسٹی سمیت کئی دیگر یونیورسٹیوں میں احتجاجی کیمپ قائم ہوچکے ہیں۔
کیوبیک کی سپیریئرعدالت کے جسٹس مارک سینٹ پیئر نے چھ صفحات پر مشتمل فیصلہ میں کہا کہ مظاہرین غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ہزاروں فلسطینیوں کے ہلاک اور زخمی یا بے گھر ہونے کے خلاف امریکہ کی چند درجن یونیورسٹیوں میں موجود شمالی امریکہ کی تحریک کا حصہ ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق دلائل سننے کے بعد سینٹ پیئر نے درخواست مسترد کر دی۔