سان فرانسیسکو(شِنہوا) امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شمالی علاقے میں فائرنگ کے دو واقعات میں سات افراد ہلاک اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ سان فرانسیسکو سے 50 کلومیٹر جنوب میں واقع ساحلی شمالی کیلیفورنیا کے شہر ہاف مون بے کے دو مقامات پر پیش آیا۔
لاس اینجلس ٹائمز نے مقامی پولیس کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے محرکات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکے ہیں۔
اس سے قبل مقامی پولیس کے دفتر نے ٹوئٹر پر متعدد افراد پر فائرنگ کے واقعے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک 67 سالہ مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ پولیس ہائی وے 92 اور ہاف مون بےشہر کی حدود کے علاقے میں فائرنگ کے واقعے کے مقام پر پہنچ چکی ہے جہاں متعدد افراد فائرنگ کی زد میں آئے ہیں جبکہ مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیاہے۔
فائرنگ کا یہ حالیہ واقعہ مونٹیری پارک شہر میں فائرنگ سے 11 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کےصرف دو دن بعد پیش آیا جولاس اینجلس کاؤنٹی میں ہونے والی فائرنگ کے بدترین واقعات میں سے ایک ہے۔