اسلام آباد(شِنہوا)صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں مسجد کی چھت منہدم ہونے کے باعث کم از کم 7 افراد جاں بحق اور تقریباً 10 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کےمطابق یہ حادثہ ضلع کے علاقے احمد پور میں پیر کی صبح شدید موسلا دھار بارش کےباعث پیش آیا اور خواتین و بچوں سمیت 100 سے زائد افراد ملبے تک پھنس گئے۔ ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ المناک سانحہ کے وقت متاثرین مسجد میں سو رہے تھے۔ متاثرین سیلاب سے متاثرہ مقامی افراد ہیں جنہوں نے اپنے گھر سیلاب سے متاثر ہونے کے بعد مسجد میں پناہ لی تھی۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس علاقے میں گزشتہ 4 دنوں سے ہونیوالی موسلا دھار بارش کے نتیجے میں متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں۔