ماسکو(شِنہوا)روس کے ایک سفارت کار نے کہا ہے کہ کچھ ممالک کی جانب سے روس کو دیوار سے لگانے کی کوششوں کے باوجود روس کا ورلڈ ٹریڈ آرگنائزیشن (ڈبلیو ٹی او) سے نکلنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے اقتصادی تعاون کے شعبہ کے ڈائریکٹر دمتری بری چیوسکی نے آرآئی اے نووستی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہا کہ ہم کثیرالجہتی تجارت میں اپنی شرکت کے لیے تمام امکانات پر غور کررہے ہیں اور ڈبلیو ٹی او میں مکمل رکنیت کے فوائد اور اخراجات کے توازن کا تجزیہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہم اس حقیقت کے پیش نظر آگے بڑھ رہے ہیں کہ تنظیم میں ایک مکمل رکن کے طور پر رہنے کی بنیاد موجود ہے تاکہ ان ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مستحکم تعلقات برقرار رہیں جو برابری کی بنیاد پر اور باہمی مفادات کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ٹی او ایک ناقابل تبدیل عالمی پلیٹ فارم ہےجس پر روس نے ان ممالک کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات استوار کیے جنہوں نے روس کے خلاف غیر دوستانہ اقدامات نہیں کیے تھے۔
سفارت کار نے کہا کہ ہم ایشیا، مشرق وسطیٰ، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے شراکت داروں سمیت ایشیائی ہم خیال ممالک کے ساتھ بات چیت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں۔ ان کے ساتھ تعلقات زیادہ سے زیادہ فعال اور متنوع ہوتے جا رہے ہیں۔