قاہرہ (شِںہوا) مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں چائے کے موضوع پر ایک ثقافتی سیلون کا انعقاد کیا گیا جس میں 200 سے زائد افراد نے مشہور چینی چائے بنانے کے ہنر کو دیکھا ، اس کا ذائقہ چکھا اور ثقافتی پرفارمنس سے لطف اندوز ہوئے۔
اس سیلون کا موضوع " چائے ، چین کا دنیا کو ایک تحفہ" تھا۔ اس میں مصر میں چین کے سفیر لیاؤ لی چھیانگ ، مصر کے سابق وزیر اعظم عصام شرف اور عرب لیگ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل خلیل ابراہیم محمد صالح الثویدی کے علاوہ سرکاری حکام، میڈیا نمائندے اور چین اور مصر دونوں سے چائے کے دلدادہ افراد نے شرکت کی۔
لیاؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چائے نہ صرف چینی قوم کی روحانی علامت بلکہ چین اور باقی دنیا کے درمیان رابطہ اور پل بھی ہے۔
سفیر نے کہا کہ چین کی روایتی چائے تیار کرنے کا طریقہ کار اور اس سے وابستہ سماجی رواج تمام انسانیت کا مشترکہ اثاثہ بن چکے ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کی تعلیمی ، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کی 2022 میں انسانیت کے غیرمادی ثقافتی ورثہ فہرست میں شامل ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ چائے چین و مصر کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
تقریب میں چائے کے موضوع پر مختلف سرگرمیوں کے علاوہ چینی لوک رقص اور شاؤلِن کنگ فو کی پرفارمنس بھی پیش کی گئی جسے لوگوں نے تالیاں بجاکر خوب داد دی۔