تہران(شِنہوا) ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا ہے کہ 2015 کے جوہری معاہدے کو بحال کرنے اور تہران پر عائد امریکی پابندیاں ہٹانے کیلئے درست اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق جوہری مذاکرات کی تازہ ترین پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے امیر عبداللہیان نے کہا کہ نیو یارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77ویں اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملک کے چیف جوہری مذاکرات کار علی باقری کنی اور دیگرحکام نے دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ متعدد مذاکرات کیے اور ان کے اچھے نتائج حاصل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فی الحال ہم ایک ایسے مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں مختلف مسائل کے بارے میں ایک مشترکہ فہم موجودہے جو ہمیں کسی معاہدے تک پہنچنے کی جانب حتمی مراحل میں بہتر اور تیز رفتاری سے کام کرنے میں مدد دے گی۔
امیر عبداللہیان نے کہا کہ اس سے قبل واشنگٹن صورتحال کا صحیح ادراک کرنے میں ناکام رہا تھا ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم محسوس کرتے ہیں کہ امریکہ اس وقت بہتر تفہیم کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ کر رہا ہے۔