• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

جوبائیڈن کی شمالی کیرولینا کے رالے میں فائرنگ واقعے کی مذمتتازترین

October 15, 2022

واشنگٹن(شِنہوا)امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے شمالی کیرولینا کے رالے میں پیش آنیوالے فائرنگ واقعے کی مذمت کی ہے۔

جوبائیڈن نے ایک بیان میں کہا کہ بہت ہو گیا ۔ ہم بہت سارے خاندانوں کے غم میں شریک ہوئے ہیں جنہیں اس بڑے پیمانے پر فائرنگ واقعے کا بوجھ اٹھانا پڑا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہت سے میاں بیوی ، والدین اور بچے اپنے خاندانوں سے ہمیشہ کیلئے محروم ہو گئے ہیں۔ امریکہ میں بہت زیادہ فائرنگ واقعات پیش آتے ہیں جن میں سے ایسے واقعات بھی شامل ہیں جو قومی خبروں میں جگہ نہیں بنا پاتے۔

رالے پولیس نے جمعرات کی شام ایک رہائشی محلے میں پیش آنیوالے فائرنگ واقعے کے 5 متاثرین کی شناخت کرلی ہے جن میں سے 1 آف ڈیوٹی پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ ایک پولیس اہلکار سمیت 2افراد زخمی ہیں۔

مشتبہ شخص جس کے بارےمیں بتایا گیا ہے کہ وہ ایک 15 سالہ سفید فام لڑکا ہے اسے جمعرات کی شب حراست میں لیا گیا تھا اور کہا جاتا ہے کہ اس کی حالت تشویشناک ہے۔

حملہ آور کی عمر کی وجہ سے اس کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔

رالے کی میئر میری۔ این بالڈون نے جمعہ کی سہ پہر ٹویٹ کیا کہ ہماری کمیونٹی میں کئی خاندان ایسے ہیں جو آج صبح جاگنے پر اپنے پیاروں کو کھو چکے تھے۔

بالڈون نے لکھا کہ آج ہم ان کے غم میں شریک ہیں۔ کسی خاندان کو کبھی بھی ایسا صدمہ نہیں ملنا چاہیے۔

شمالی کیرولینا کےگورنر رائے کوپر نے حکم دیا ہے کہ تشدد کے ایک ہولناک اور اشتعال انگیزعمل میں ہلاک ہونے والوں کے سوگ میں پرچم نصف بلندی پر لہرائے جائیں۔