اسلام آباد(شِنہوا) پاکستان نےایک چین کے اصول کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی کی قرارداد نمبر 2758 کے ذریعے اقوام متحدہ (یو این) نے اس اصول کی توثیق کررکھی ہے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران مسئلہ تائیوان سے متعلق شِنہوا کے ایک سوال پر کہا کہ اس قرارداد نے اقوام متحدہ میں عوامی جمہوریہ چین کے قانونی حقوق کوان کی اصل صورت میں بحال کیاہے۔
ترجمان نے کہا کہ قرارداد میں واضح طور پرعوامی جمہوریہ چین کی حکومت کے نمائندوں کو اقوام متحدہ میں اسکے واحد قانونی نمائندوں کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔ ممتاز زہرا نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ قرارداد آج بھی اتنی ہی درست ہے جیسا کہ 1971 میں تھی جب پاکستان نے اس قراردادکی حمایت کی تھی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مکمل احترام کے لیے آوازاٹھائی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تائیوان کے بارے میں پاکستان کی پالیسی مستقل، واضح اور اصولی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تائیوان عوامی جمہوریہ چین کا اٹوٹ انگ ہے۔