سیؤل (شِنہوا) عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آر کے)کے سربراہ نے جنوبی کوریا کو "سب سے بڑا دشمن " قرار دیتے ہوئے اپنے ملک کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرے۔
کورین سینٹرل نیوز ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق ورکرز پارٹی آف کوریا کے جنرل سیکرٹری اور عوامی جمہوریہ کوریا کے ریاستی امور کے صدر کم جونگ ان نے یہ بات رواں ہفتے کے شروع میں اسلحہ فیکٹریوں کے معائنے میں کہی۔
کم جونگ ان نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی کوریا کے ساتھ تعلقات کی بات کی جائے تو عوامی جمہوریہ کوریا کو اپنے دفاع اور جوہری جنگ کی روک تھام کے لیے فوجی صلاحیتیں بڑھانے پر ترجیح دینا چاہیئے۔
عوامی جمہوریہ کوریا کے رہنما نے کہا کہ بآلاخر وہ تاریخی لحمہ آچکا ہے جب عوامی جمہوریہ کوریا ، جنوبی کوریا کو "سب سے بڑی دشمن ریاست" قرار دے ۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کے ملک کو "ناگزیر اور ناقابل تنسیخ حقیقت" کو مدنظر رکھنا چاہیئے۔ کیونکہ جنوبی کوریا "تقریباً 80 برس سے ہماری حکومت اور سماجی نظام کا تختہ الٹنے کےلئے وحشیانہ محاذ آرائی کررہا ہے۔
کم جونگ نے جزیرہ نما کوریا میں سلامتی کی سنگین صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عوامی جمہوریہ کوریا یکطرفہ طور پر کسی بڑے واقعہ کا سبب نہیں بنے گا تاہم اس کا جنگ سے بچنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر جنوبی کوریا نے عوامی جمہوریہ کوریا کے خلاف مسلح افواج استعمال کرنے کی کوشش کی یا اس کی خودمختاری اور سلامتی کو خطرے میں ڈالا تو ان کا ملک تمام ذرائع اور افواج استعمال کرکے جنوبی کوریا کو تباہ کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرے گا۔
عوامی جمہوریہ کوریا کے رہنما کا یہ تازہ ترین سخت انتباہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں حالیہ اضافے کے بعد سامنے آیا ہے۔