سیول (شِنہوا)جنوبی کوریا میں گزشتہ ہفتے ہونے والی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے جبکہ 10 دیگر لاپتہ ہیں۔ مرکزی ڈیزاسٹر اینڈ سیفٹی کانٹر ہیڈکوارٹرز نے اتوار کے روز بتا یا کہ جنوب مشرقی شمالی گیانگ سانگ صوبے اور وسطی چھنگ چھیانگ صوبے میں 33 افراد مردہ پائے گئے ہیں۔ صوبوں کے لیے موسلا دھار بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جہاں گزشتہ ہفتے 500 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمالی گیانگ سانگ صوبے سے 9 افراد لا پتہ ہیں جبکہ 10 افراد کو ابھی تک ان اعدادو شمار میں شا مل نہیں کیا گیا۔ ملک بھر میں سیلاب، مکانات گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ وسطی قصبے اوسونگ میں زیر زمین سرنگ میں پھنسی گاڑیوں سے رات گئے سات لاشیں برآمد کی گئیں۔ بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی وجہ سے 13 شہروں اور صوبوں سے مجموعی طور پر 7 ہزار 866 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ عوامی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کی تعداد 149 تک پہنچ گئی جن میں سڑک کی ڈھلوانوں کا گرنا، سڑکوں کو پہنچنے والا نقصان اور تباہی، مٹی کے تودے گرنے اور سیلاب شامل ہیں۔ نجی تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات میں مکانات کے گرنے اور سیلاب، زیر آب گاڑیاں، ماہی گیری کی کشتیوں کو نقصان اور دیواروں کو تباہ کرنے جیسے 124 واقعات شامل ہیں۔