• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 23rd, 24

شِنہوا پاکستان سروس

جنوبی کوریا میں سمندری طوفان ہنا منور سے 2 افراد ہلاک، 10 لاپتہتازترین

September 07, 2022

سیئول(شِنہوا)جنوبی کوریا میں سمندری طوفان ہنامنور کے باعث 2 افراد ہلاک اور 10 لاپتہ ہو گئے ہیں۔

ملک میں آفات اورحفاظتی اقدامات کے صدر دفتر نے منگل کے روز بتایا کہ رواں سال کا 11 واں سمندری طوفان ملک کے جنوب مشرقی علاقوں سے گزرا جہاں زیادہ تر جانی نقصان ہوا ہے۔ سمندری طوفان منگل کی صبح جنوب مشرقی علاقے سے آگے نکل گیا ہے۔

طوفانی ریلے میں بہہ جانیوالی 70 سالہ خاتون دارالحکومت سیئول سے تقریباً 270 کلومیٹرجنوب مشرق میں واقع پھوہانگ میں مردہ پائی گئی ہے۔

پھوہانگ میں اپنی کاریں نکالنے کیلئے زیرزمین پارکنگ میں داخل ہونیوالے 8 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں جبکہ طوفانی ریلے میں بہہ جانیوالا ایک شخص بھی بدستور لاپتہ ہے۔

سیئول سے تقریباً 280کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع گیونگجو میں مکان منہدم ہونے کے باعث ایک 80 سالہ خاتون مٹی تلے دب گئی ہے۔

سیئول سے تقریباً 310کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع السان میں ندی میں گرنے کے باعث ایک 25 سالہ مرد لاپتہ ہو گیا ہے۔

سیئول سے تقریباً 30کلومیٹرجنوب مغرب میں واقع سیہیونگ میں منہدم ہونیوالے سائن بورڈ کی زد میں آ کر ایک شخص زخمی ہو گیا ہے۔

ملک بھر میں 8 تجارتی عمارتیں اور 71 مکان سیلابی ریلوں کی زد میں آئے ہیں جبکہ 4 مکان تباہ ہو گئے ہیں۔8 مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور 200 سے زائد عوامی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے۔ سمندری طوفان کے باعث ماہی گیروں کی 5 کشتیاں الٹ گئی ہیں اور1 ہزار 320 ہیکٹر زمین زیرآب آ گئی ہے۔

66 ہزار سے زائد گھروں کو بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے جبکہ 2 ہزار 900 سے زائد افراد عارضی طور پر بےگھر ہوئے ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق جنوب مشرقی خطے سے ہے۔