پراگ(شِنہوا)وزیراعظم پیٹر فیالا کی زیرقیادت جمہوریہ چیک حکومت نے بنیادی طور پر توانائی بحران سے نمٹنے کےحوالے سے جمعہ کے روز پارلیمنٹ کے ایوان زیریں میں تحریک عدم اعتماد کا سامنا کیا۔
پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کے مطابق نائبین کے چیمبر میں کل 184 ارکان پارلیمنٹ نے ووٹ دیا، جن میں سے 100 نے حکومت کی حمایت کی اور اپوزیشن کی جماعتوں اے این او اور فریڈم اینڈ ڈائریکٹ ڈیموکریسی(ایس پی ڈی) کے 84 ممبران نے عدم اعتماد کے حق میں ووٹ دیا۔ مزید 16 اراکین پارلیمنٹ نے ووٹنگ کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔
حکومت کو گرانے کیلئے 200 نشستوں والے نائبین کے چیمبر میں کم از کم 101 ووٹوں کی قطعی اکثریت درکار تھی۔
جمعرات کی سہ پہر شروع ہونے والی پارلیمانی بحث 20 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہی۔ ایک انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ کے داخلی بدعنوانی اسکینڈل کے علاوہ، بحث میں بنیادی طور پر مہنگائی پر توجہ مرکوز رہی جس میں اپوزیشن نے ضروریات زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو صحیح طریقے سے حل نہ کر پانے کو حکومت کی نااہلی کے طور پر پیش کیا۔