ہوانا(شِنہوا) گروپ آف 77 (جی77) اور چین کے وزرائے سیاحت کا کیوبا کے دارالحکومت ہوانا میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا،جس میں سیاحت کی صنعت کی پائیدار ترقی پر زور دیاگیا۔
اجلاس میں کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل نے بھی شرکت کی،کیوبا کے وزیر اعظم مینوئل میریرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس کوویڈ کی وبا کے بعد کے دور میں نئے چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ دینےکا بہترین موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کے درمیان خیالات اور تجربات کے تبادلے میں سہولت فراہم کرنے کی وجہ سے یہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوویڈ-19 کی وبا نے دنیا بھر میں سیاحت کی صنعت کو تبدیل کر دیا ہے۔ وینزویلا کے وزیر سیاحت علی پیڈرون نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے سیاحت کے شعبے پر کافی اثر پڑے گا، اس لیے ممالک کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ماحولیاتی، اقتصادی، اور سماجی ثقافتی مسائل میں توازن پیدا کرنے کی ضرورت پر زوردیا۔