بیجنگ(شِنہوا) چین نے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے اقتصادی جبر کا شکار ہوا ہے، چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے جی7 ممالک پر زور دیا کہ وہ خصوصی "چھوٹے حلقوں" میں شامل ہونا بند اور امریکہ کے اس حوالے سے ساتھی بننے سے گریز کریں۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے ان خیالات کا اظہار روزانہ کی پریس بریفنگ میں حالیہ میڈیا رپورٹس کے جواب میں کیاجن میں کہا گیا ہے کہ جی 7 ممالک مبینہ طور پر چین کو پیغام بھیجنے کے لیے "معاشی جبر" کے خلاف مشترکہ ردعمل کا اعلان کریں گے۔
اقتصادی جبر کے بارے میں بات کرتے ہوئے وانگ نے کہا، سب سے پہلے جس ملک کی مذمت کی جانی چاہیے وہ شاید امریکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے بار بار قومی سلامتی کے تصور کو بڑھاوا دیا ہے، برآمدات پر کنٹرول کا غلط استعمال کیا اور غیر ملکی اداروں کے خلاف امتیازی اور متعصبانہ طرز عمل اختیار کیا ہے، جس سے مارکیٹ کی معیشت اور منصفانہ مسابقت کے اصولوں کی شدید خلاف ورزی ہوئی ہے۔ دیگر ممالک کے خلاف امریکی پابندیوں سے متعلق متعلقہ اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے، وانگ نے بتایا کہ مالی سال 2021 تک، امریکہ کی طرف سے 9ہزار400 سے زیادہ پابندیاں لاگو کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے دنیا کے تقریباً 40 ممالک پر یکطرفہ اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں، جس سے دنیا کی تقریباً نصف آبادی متاثر ہو رہی ہے۔