ٹوکیو(شِنہوا)جاپان کے وزیر اعظم فومیو کیشیدا نے کہا ہے کہ وہ اگلے ماہ حکمراں جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی(ایل ڈی پی)کے صدارتی انتخاب میں حصہ نہیں لیں گے۔
ایل ڈی پی کے فنڈز سکینڈل پر بڑھتی ہوئی تنقید اور اپنی کابینہ کی گرتی ساکھ سے پریشان کیشیدا کے اعلان کے بعد جاپانی قوم کو رواں موسم خزاں میں نئے وزیر اعظم کی توقع ہے۔
کیشیدا نے وزیر اعظم ہاوس میں پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ فنڈ جمع کرنے کے سکینڈل کی مکمل ذمہ داری قبول کرتے ہیں اور انہوں نے پہلے مرحلے میں پارٹی کے صدارتی انتخابات سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ عوام کویقین دلایا جا سکے کہ حکمراں جماعت تبدیلی لاسکتی ہے۔
قومی خبر رساں ادارے کیوڈو نے سیاسی پنڈتوں کے حوالے سے خبر دی ہے کہ کیشیدا اپنی مقبولیت میں کمی کے باوجود قیادت کی دوڑ میں دوبارہ شامل ہونے کے خواہاں تھے لیکن ایل ڈی پی کے اندر ان کے استعفے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے کیونکہ انہیں خدشات ہیں ان کی قیادت میں آئندہ عام انتخابات میں ایل ڈی پی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکے گی۔
67 سالہ کیشیدا2021 میں حکمراں جماعت ایل ڈی پی کے صدر منتخب ہوئے تھے اور ان کی تین سالہ مدت ستمبر میں ختم ہو رہی ہے۔