بیجنگ (شِنہوا)چین نے جاپان پرزور دیا کہ وہ سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ آلات پر برآمدی کنٹرول سخت کرنے اور دو طرفہ تعلقات میں نئی پیچیدگیاں پیدا کرنے سے گریز کرے۔
چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے اس سے متعلقہ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پریس بریفنگ میں کہا کہ کچھ دن پہلے، جاپان نے اعلیٰ کارکردگی کے حامل سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ آلات کے برآمدی کنٹرول کو سخت کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بارے میں بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ اس کا مقصد سیمی کنڈکٹر کے شعبے میں چین-جاپان تعاون کو محدود کرنا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین نے اس معاملے پرجاپان کے ساتھ مختلف سطحوں پراپنےشدید عدم اطمینان اور گہری تشویش کا اظہارکرنے کے لیے معاملے کو اٹھایا ہے۔
ماؤ نے کہا کہ جاپان نے چین کے ساتھ اپنی بات چیت میں کئی بار اس بات کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی اقتصادی وتجارتی تعلقات ہیں اور وہ چین کے ساتھ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ چینی ترجمان نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ جاپان اس طرح کے اپنے بیانات پر عمل کرے گا، ایک معروضی اور منصفانہ موقف اختیارکرتے ہوئے مارکیٹ اصولوں کی پیروی کرے گا، اپنے طویل مدتی مفادات سے آگے جاتے ہوئے عالمی صنعتی وسپلائی چین کو مستحکم اور ہموار رکھے گا، آزاد اور کھلے بین الاقوامی تجارتی آرڈرکا دفاع اوردونوں ممالک اور دونوں اطراف کی کمپنیوں کے مشترکہ مفادات کا تحفظ کرے گا۔