ٹوکیو (شِنہوا) جاپان کے ٹرانسپورٹ حکام نے ٹوکیو کے ہانی ڈا ہوائی اڈے پر جاپانی کوسٹ گارڈ کے ہوائی جہاز اور جاپان ایئرلائنز کے مسافر طیارے کے درمیان تصادم کی وجوہات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس حادثے کے سبب 300 سے زائد پروزایں منسوخ ہوئی تھیں۔
جاپان ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ نے طیارے کے ملبے جبکہ پولیس نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا جو ہوائی جہازوں، ٹرینوں اور بحری جہازوں کے سنگین حادثات کی تحقیقات کرتا ہے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق سیفٹی بورڈ نے بتایا ہے کہ اس نے کوسٹ گارڈ کے طیارے کا فلائٹ اور وائس ریکارڈرحاصل کرلیا ہے اور اب جاپان ائرلائنز کے طیارے کا ریکارڈ تلاش کیا جارہا ہے۔ اس طیارے جس نے ہوکائیڈو پریفیکچر کے نیو چائٹوس ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی۔
قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے جاپانی وزارت ٹرانسپورٹ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہانی ڈا ائرٹریفک کنٹرولر نے حادثے سے قبل مسافر طیارے کو رن وے پر اترنے کی اجازت دی تھی جبکہ کوسٹ گارڈ طیارے کو رن وے سے دور رہنے کا کہا تھا۔
قومی خبر رساں ادارے "کیوڈو" نے جاپان ائرلائنز کے حوالے سے بتایا کہ طیارے کے عملے نے فضائی کمپنی کو آگاہ کیا تھا کہ پرواز کے دوران طیارے میں کوئی خرابی نہیں تھی اور انہوں نے ائرٹریفک کنٹرول سے تصدیق کے بعد لینڈنگ شروع کی تھی۔
اس حادثے کے بعد منگل کی شام ہوائی اڈے کے رن ویز کئی گھنٹے تک بند کرنا پڑے تھے جس سے ہانی ڈا آنے اور جانے والی 226 پروازیں منسوخ اور 40 ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے۔
بدھ کو تین رن وے دوبارہ کھولے جانے کے باوجود تقریباً 100 پروازوں کے اب بھی متاثر ہونے کی توقع ہے جس سے 19 ہزار مسافروں کے سفری منصوبے روکاوٹ کا شکار ہوں گے۔