• Dublin, United States
  • |
  • Apr, 28th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

جاپان ہمسایہ ممالک کی سلامتی کو درپیش خدشات کا احترام کرے، چینتازترین

March 27, 2024

بیجنگ (شِنہوا) چین نے جاپان پر زور دیا ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کی سلامتی کے خدشات کا احترام کرے اور اپنی جارحیت کی تاریخ پرسنجیدگی سے غور کرے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپانی حکومت نے کابینہ اجلاس میں برطانیہ اور اٹلی کے ساتھ مشترکہ طور پر تیار کردہ اگلی نسل کے لڑاکا طیاروں کی برآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا اور قومی سلامتی کانفرنس میں دفاعی سازوسامان اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق تین اصولوں کے نفاذ کے رہنما اصولوں پر نظر ثانی کی۔

چینی وزارت خارجہ کےترجمان لین جیان نے یومیہ پریس بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ چین نے ان رپورٹس کا نوٹس لیتے ہوئے اس فیصلے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جاپان کی فوجی جارحیت کی تاریخ زیادہ پرانی نہیں ہے جسے دیکھتے ہوئے جاپان کے فوجی اور سیکیورٹی اقدامات پر اس کے ایشیائی ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری گہری نگاہ رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں جاپان نے اپنی سکیورٹی پالیسی میں تیزی سے تبدیلیاں کی ہیں، ہرگزرتے برس دفاعی اخراجات میں اضافہ کیا ہے، اسلحے کی برآمد پر عائد پابندیاں نرم کیں اور فوجی کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔ ان اقدامات سے جاپان کے ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری میں شدید تشویش پیدا ہوئی ہے۔

ترجمان لین جیان نے مزید کہا کہ چین ، جاپان پرزور دیتا ہے کہ وہ ہمسایہ ممالک کی سلامتی کے خدشات کا سنجیدگی سے احترام کرے، اپنی جارحیت کی تاریخ پر گہری نگاہ رکھے ، خود کو پرامن ترقی کی راہ پر گامزن کرے اور ٹھوس اقدامات سے اپنے ایشیائی ہمسایوں اور عالمی برادری کا اعتماد حاصل کرے۔