ٹوکیو(شِنہوا)جاپان میں تباہ شدہ فوکوشیما ڈائیچی جوہری پاور پلانٹ کے آپریٹر نے اندرون و بیرون ملک شدید مخالفت کے باوجود تابکاری سے آلودہ پانی کو بحرالکاہل میں خارج کرنے کے لیے آلات کی آزمائش شروع کردی ہے۔
قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے کے مطابق، ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے پیر کی صبح تازہ اور سمندری پانی کومکس کرتے ہوئے آزمائشی آپریشن شروع کیا جس میں تابکار مادہ نہیں تھا تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکے کہ آیا سمندر میں پانی چھوڑنے والے آلات قابل اعتماد طریقے سے کام کر سکتے ہیں یا نہیں۔ این ایچ کے نے مزید بتایا کہ ڈسچارج کی سہولت کا ٹیسٹ رن تقریباً دو ہفتوں تک جاری رہنے کی امید ہے۔ گزشتہ ہفتے، ٹیپکو نے تابکاری سے آلودہ پانی کو چھوڑنےکے لیے نیوکلیئر پلانٹ کے سامنے بنائی گئی زیرِ آب سرنگ میں سمندری پانی بھیجنا مکمل کر لیا تھا اور اس کا اس ماہ کے آخر تک سہولت سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے۔