ٹوکیو(شِنہوا)جاپان میں ایوین فلو(برڈ فلو) کے کیسز میں ملک گیر اضافے کے باعث رواں سیزن کے دوران پولٹری فارموں میں 99 لاکھ 80 ہزار پرندوں کو تلف کر دیا گیا ہے۔
وزارت زراعت، جنگلات و ماہی پروری نے پیر کے روز بتایا کہ آج کے دن ٹوکیو کے شمال مشرقی پریفکچر ایباراکی کے قصبے سیروساتو کے ایک پولٹری فارم میں برڈ فلو کے پھیلنے کی تصدیق ہوئی ہے اور فارم میں موجود تقریباً 9 لاکھ 30 ہزار مرغیوں کو تلف کرناشروع کر دیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق اس کیس کے ساتھ رواں سیزن میں جاپان کے 23 پریفکچر میں برڈ فلو پھیلنے کے واقعات کی تعداد گزشتہ ریکارڈ سے بڑھ کر 56 ہو گئی ہے جبکہ تلف کیے جانیوالے پرندوں کی تعداد 2020 تا 2021 کے سیزن سے تجاوز کر چکی ہے۔
سیزن کے پہلے برڈ فلو کیس کی تصدیق گزشتہ سال اکتوبر میں جاپان کے مغربی پریفیکچر اوکایاما کے پولٹری فارم میں ہوئی تھی۔
وزارت نے مزید بتایا کہ جاپان میں موجودہ صورتحال کے تحت متاثرہ مرغیوں کا گوشت یا انڈے کھانے سے صارفین کے برڈ فلو کا شکار ہونا ناممکن ہے۔