ٹوکیو(شِنہوا) جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے جنوب میں کناگاوا پریفیکچر میں امریکہ کے ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو چاول کے کھیت میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
جاپان کے قومی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے مقامی فائر ڈپارٹمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ہفتہ کی صبح ایبینا شہر میں پیش آنے والے اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ کناگاوا پریفیکچر کے پولیس ہیڈ کوارٹر کے مطابق، مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بج کر 56 منٹ پرچاول کے کھیت میں ہیلی کاپٹر کے اترنے کی اطلاع موصول ہوئی۔
پولیس کے مطابق ہیلی کاپٹر امریکی فوج کا ہے لیکن اس کی صحیح وابستگی نامعلوم ہے۔ پولیس کے پہنچنے کے باوجود اسے ہیلی کاپٹر تک رسائی نہ ملی، لیکن ہیلی کاپٹر کو کوئی نقصان یا تیل کا رساؤ نہیں دیکھا گیا، اور آس پاس کے علاقے میں زخمی ہونے یا ملبہ گرنے کی بھی کوئی اطلاع نہیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد ازاں مقامی وقت کے مطابق،تقریباً 12 بج کر 40 منٹ پر ہیلی کاپٹر جائے وقوعہ سے امریکی فوج کے آٹسوگی اڈے کی طرف روانہ ہوگیا۔