ٹوکیو(شِنہوا) جاپان کے جنوب مغربی میازاکی پریفیکچر اور دیگر علاقوں میں جمعرات کو 7.1 شدت کا زلزلہ آیاجس کے بعد کئی علاقوں کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئی۔ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) کے مطابق، کیوشو اور شیکوکو کے جزائرپر واقع میازاکی، کوچی،ایہائم، اوئٹا، کاگوشیما کے پریفیکچرز کے لیے سونامی کی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔ جے ایم اے نے بتایا کہ زلزلے کے بعد میازاکی بندرگاہ سے 50 سینٹی میٹر بلند سونامی کی لہریں ٹکرائیں۔
کیوڈو نیوز کے مطابق زلزلہ زدہ علاقے کے قریب واقع جوہری پلانٹس میں کوئی غیر معمولی چیز نہیں پائی گئی۔ تاہم زلزلے کے بعد کیوشو شنکانسن بلٹ ٹرین سروس روک دی گئی ہے۔