ٹوکیو(شِنہوا)جاپانی حکومت نے عوامی تشویش اور اندرون و بیرون ملک سے شدید مخالفت کے باوجود منگل کو اعلان کیا ہے کہ تباہ شدہ فوکوشیما ڈائیچی جوہری بجلی گھر سے جوہری آلودہ پانی کو جمعرات سے سمندر میں چھوڑنا شروع کیا جائے گا۔
بارش کے باوجود سینکڑوں جاپانی منگل کی صبح جاپانی وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ کے سامنے جمع ہوئے اور حکومت کے غیر ذمہ دارانہ فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔
منگل کی صبح ہونے والے وزارتی اجلاس کے بعد جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدا کے اعلان کردہ متنازعہ فیصلے کے مطابق موسم اور سمندری حالات سازگار ہونے کی صورت میں جوہری آلودہ پانی کا سمندری اخراج جمعرات کو شروع ہونے کی توقع ہے جو کئی دہائیوں تک جاری رہ سکتا ہے۔
فومیوکیشیدا نے دعویٰ کیا کہ جاپانی حکومت اس فیصلے کی پوری ذمہ داری لے گی۔
اس اعلان کے بعد پلانٹ کے آپریٹر ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی (ٹیپکو) نے کہا کہ اس نے مقامی وقت کے مطابق منگل کو صبح 10 بج کر 30 منٹ کے فوری بعد ٹریٹ شدہ پانی کی پہلی کھیپ کو ذخیرہ کرنے والے ٹینکوں سے سمندری پانی میں ملانے کے لیے ایک سہولت میں منتقل کرنا شروع کیا۔