جاپان، اختتام ہفتہ طاقتور طوفان اوکی ناوا جزائر سے ٹکراگیا، انخلاء کا حکمتازترین
September 05, 2022
ٹوکیو (شِنہوا) طاقتورطوفان ہننام نور جاپان کے جنوبی پریفیکچر اوکی ناوا سے ٹکراگیا جس سے 3 بلدیاتی علاقوں کے رہائشیوں کو انخلا کے احکامات دیئے گئے ہیں۔
ہفتے کی شام تک اوکی ناوا پریفیکچر کے میاکوجیما اور اشیگاکی میں 3 ہزار سے زائد گھروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ ناہا میں ایک خاتون معمولی زخمی ہوئی ۔ یہ سیزن کا 11 واں طوفان تھا۔
اوکی ناوا پریفیکچر کے 3 بلدیاتی علاقوں میاکوجیما، اشیگاکی اور تاکی تومی نے ہفتے کو تمام رہائشیوں کو نکلنے کا حکم دیا تھا ۔ جاپان کے موسمیاتی ادارے (جے ایم اے) نے جاپان کے جنوبی ترین پریفیکچر میں تیز ہوا اور اونچی لہروں کا انتباہ جاری کیا ہے۔
ہفتہ کی شام 6 بجے تک ہننام نور اشیگاکی جزیرے سے تقریباً 80 کلومیٹر جنوب مشرق سے 15 کلومیٹرز فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال کی سمت بڑھ رہا تھا۔ اس پر 955 ہیکٹو پاسکل کا مرکزی دباؤ تھا اس کے مرکز کے قریب زیادہ سے زیادہ مسلسل ہوا 40 میٹر فی سیکنڈ اور زیادہ سے زیادہ فوری جھونکے 60 میٹر فی سیکنڈ تھے۔
جے ایم اے نے متنبہ کیا ہے کہ طوفان اپنے راستے سے کافی دور غیر مستحکم موسمیاتی حالات کا سبب بنے گا اور یہ مشرق سے مغربی جاپان تک گرم مرطوب ہوا لائے گا۔
ادارے نے جاپان کے بڑے حصے میں پیر تک موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کی ہے ،ساتھ ہی لینڈ سلا ئیڈ، سیلاب اور دریاؤں میں سطح بلند ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
جے ایم اے کے مطابق طوفان اتوار سے پیر تک شمال کی سمت میں بحیرہ مشرقی چین میں منتقل ہونے اور منگل کو ملک کے جنوب مغربی خطے کیوشو خطے پہنچنے کا امکان ہے۔
چین نے ہفتے کو سیلاب اور طوفان پر کنٹرول بارے ہنگامی ردعمل کے درجے کو بڑھا کر 3 کردیا ہے کیونکہ ہننام نور ملک کے مشرقی ساحلی علاقوں کے قریب پہنچ گیا ہے اور بڑے طوفان کے شکل میں ٹکرانے کی سمت بڑھ رہا ہے ۔