بیجنگ (شِنہوا) چین میں معیار کے نگراں اعلیٰ ادارے نے کہا ہے کہ الیکٹرک کار ساز ٹیسلا چین میں 4 لاکھ 35 ہزار 132 گاڑیوں کو واپس منگوائے گا جس کے سافٹ ویئر میں خرابی کے سبب عقبی لائٹ روشن کرنے میں ناکامی کی نشاندہی ہوئی ہے۔
ریاستی انتظامیہ برائے مارکیٹ ضابطے نے ایک اعلامیہ میں کہا ہے کہ واپس منگوائی جانے والی گاڑیوں میں 1 لاکھ 42 ہزار 277 گاڑیاں ماڈل 3 کی ہیں جو 27 دسمبر 2020 سے 7 نومبر 2022 کے دوران تیار ہوئی تھیں۔ جبکہ ماڈل وائے کی 3 لاکھ گاڑیاں واپس منگوائی جارہی ہیں جو یکم جنوری 2021 سے 11 نومبر 2022 کے درمیان بنی تھیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ گاڑی کے ایک یا دونوں اطراف پر ٹیل لیمپ روشن ہونے میں ناکام ہوسکتے ہیں کیونکہ فرم ویئر کی بے قاعدگی گاڑی کے اسٹارٹ ہونے کے عمل کے دوران غلط نشاندہی کرسکتی ہے اور اس طرح کی ناکامی تاریکی میں تصادم کے خطرے کو بڑھاسکتی ہے۔
بیان کے مطابق ٹیسلا اس مسئلے سے نمٹنے کےلئے اوور دی ایئر سافٹ وئیر اپ ڈیٹ مہیا کرے گا۔