صنعاء(شِنہوا)یمن کےشمالی علاقے میں ایک جنازے کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 17دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی صحت حکام نے پیر کے روز بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ شام صوبہ امران کے ضلع آشا میں پیش آیا۔ صحت حکام کے مطابق کئی ہفتوں سے طوفانی بارشوں، سیلاب اورآسمانی بجلی کی زد میں آنیوالے جنگ زدہ ملک میں جولائی سے اب تک طوفانی بارشوں ، سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے سے مرنیوالے افراد کی مجموعی تعداد کم از کم 97 ہو گئی ہے۔ انسانی ہمدردی کے بین الاقوامی ادارے کیئر کے مطابق وسطی صوبہ مآرب میں داخلی طور پر بے گھر ہونیوالے 12 ہزار سے زائد خاندانوں کے 190 رہائشی مقامات شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث تباہ ہو گئے ہیں۔ یمن میں خانہ جنگی نے ملک کے صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مفلوج کر دیا ہے اور صاف پانی اور صفائی کی بہت سی تنصیبات غیر فعال ہو گئی ہیں، جس سے برسات کے موسم میں ہیضے اوراسہال کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔