• Dublin, United States
  • |
  • Dec, 24th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

یمن کے ہسپتال میں اسمگل شدہ ادویات نے 10 بچوں کی جان لے لیتازترین

October 14, 2022

صنعاء(شِنہوا)یمن کے دارالحکومت صنعاء کے ایک سرکاری ہسپتال میں اسمگل شدہ ادویات استعمال کرائے جانے کے باعث لوکیمیا کے شکار 10 بچے جاں بحق ہو گئے ہیں۔

حوثیوں کے زیر انتظام المسیرہ ٹی وی نے گزشتہ شب جاری ہونیوالےحوثی صحت حکام کے ایک بیان کاحوالہ دیتے ہوئے جمعہ کے روز بتایا کہ یہی اسمگل شدہ ادویات استعمال کرائے جانے کے بعد 9 دیگر بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مزید کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

کئی برسوں سے ادویات، آلات اور فنڈز کی کمی کے شکار یمن بھر کے ہسپتالوں میں اسمگل شدہ ادویات کا استعمال معمول کی بات ہے۔

خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد سے اب تک یمن کی نصف سے زیادہ طبی تنصیبات میں کام بند ہوچکا ہے۔

حوثی باغیوں نے 2014 میں شمالی یمن کے بڑے حصے پر قبضہ کر کے سعودی حمایت یافتہ یمنی حکومت کو صنعاء سے باہر نکال دیا تھا جس کے بعد عرب ملک میں خانہ جنگی شروع ہو گئی جو آج تک جاری ہے۔

اس جنگ میں لاکھوں افراد ہلاک اور 40 لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں اور جنگ نے ملک کو فاقہ کشی کے دہانے پر لاکھڑاکیا ہے۔