صنعا(شِنہوا) یمن کے حوثی گروپ نے کہا ہے کہ انکے زیر کنٹرول یمنی دارالحکومت صنعا میں بین الاقوامی تنظیمیوں کی آڑ میں امریکہ اور اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنیوالے ایک گروہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
حوثی سکیورٹی سروس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس امریکین اسرائیلی جاسوس نیٹ ورک نے دشمن کی طرف سے ملک کے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں میں کئی سالوں تک جاسوسی اور تخریب کاری کا کام کیا ہے۔
یہ جاسوس نیٹ ورک امریکی سی آئی اے کے ساتھ منسلک تھا۔ اس کے ممبران کو خفیہ طور پر اپنی سرگرمیاں سر انجام دینے کیلئے خصوصی ٹیکنالوجی، آلات اور سامان مہیا کیا گیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے اس نیٹ ورک کے ممبر امریکی سفارتخانے کے ملازم تھے جبکہ صنعا سے امریکی سفارتخانے کے عملے کے جانے کے بعد یہ جاسوس نیٹ ورک اقوام متحدہ اور عالمی تنظیموں کی آڑ میں اپنا تخریبی ایجنڈا جاری رکھے ہوئے تھا۔
اس نیٹ ورک نے بہت سے یمنی حکومتی حکام کو اپنی طرف راغب کیا، انکے امریکہ کے دوروں کا انتظام کیا تاکہ انہیں متاثر کر کے انہیں بھرتی کیا جا سکے۔جن لوگوں کو بھرتی کیا گیا ان میں ماہرین اقتصادیات،حکومتی حکام ،تیل اور تجارتی کمپنیوں کے مالک شامل ہیں۔
بیان کے مطابق جاسوسی نیٹ ورک نے تباہ کن اور تخریبی کردار ادا کیا،زرعی اور صحت کے شعبوں کو نشانہ بنانے والے تخریبی منصوبوں اور پروگراموں کو نافذ کرنے کے لیے کام کیا اور مختلف یمنی گورنریٹس میں بیماریوں اور وبائی امراض کے پھیلاؤ میں کردار ادا کیا۔
گرفتاری سے قبل اس گروپ نے امریکہ اور اسرائیل کو انتہائی اہم، خفیہ اور خطرناک فوجی اور سکیورٹی معلومات فراہم کی تھیں۔ حوثیوں کے بیان میں ان گرفتار افراد کے نام یا تعداد نہیں بتائی گئی۔