سیول(شِنہوا) عوامی جمہوریہ کوریا (ڈی پی آرکے) نے گزشتہ روزبین البراعظمی بیلسٹک میزائل ہواسونگ فو-18 کی ایک نئی قسم کا تجربہ کیا ہے۔ملک کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اسے ملک کی اسٹریٹجک فورس میں ہتھیاروں کا مرکزی نظام قرار دیاہے۔ میزائل نے زیادہ سے زیادہ 6648.4 کلومیٹر بلندی تک سفر کرتے ہوئے جزیرہ نما کوریا سے دور مشرقی کھلے پانیوں میں پہلے سے طے شدہ علاقے پر درست لینڈنگ سے پہلے 4ہزار491 سیکنڈ میں 1001.2 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ سرکاری کورین سنٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے کہا کہ ٹیسٹ فائر پہلے مرحلے کو معیاری بیلسٹک فلائٹ موڈ اور دوسرے اور تیسرے مرحلے کو ہائی اینگل فلائٹ موڈ کے طور پر ترتیب دے کرانجام دیا گیا۔ خبرایجنسی نے مزید کہا کہ تجربے سے ہواسونگ فو-18 کی صلاحیت، بھروسے اور فوجی افادیت ثابت اورڈی پی آرکے کی جوہری اسٹریٹجک قوت کے انحصار کی تصدیق ہوئی ۔ ملک کی جوہری قوت کی تعمیر کے طویل المدتی منصوبے کے تحت جوہری یونٹ جلد ہی نئے طرز کے اسٹریٹجک ہتھیاروں کے نظام سے لیس ہوں گے۔