استنبول(شِنہوا) ترقی پذیر ممالک ڈی 8 کے وزرائے خارجہ نے ترکیہ میں ہونے والے اپنے غیرمعمولی اجلاس میں غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
ترکیہ کی سرکاری نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہےکہ ہم غزہ میں فوری،مستقل اور غیر مشروط جنگ بندی اور فلسطینی عوام پر اسرائیلی حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈی8 ممبر ممالک اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت کے حصول اور خودارادیت کی جدوجہدکیلئے فلسطین کی غیر متزلزل حمایت کرتے ہیں۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں ترک وزیر خارجہ ہکان فیدان نے کہا کہ ڈی 8 ممالک اسرائیلی مظالم پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ہم اسرائیل کے قبضے کے خاتمے اور دوریاستی حل حاصل کرنے کیلئے اپنی پوری قوت کیساتھ کام کرینگے۔
انہوں نے فلسطین کی اقوام متحدہ کی رکنیت کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت میں امریکہ کا ویٹو رکاوٹ ہے اور ہم ڈی 8 ممالک اس ناانصافی کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔