بغداد(شِنہوا) عراقی حکومت نے کہا ہے کہ نیم فوجی حشد الشعبی فورسز کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافے کا غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے۔ عراقی وزیر اعظم کے فوجی ترجمان یحییٰ رسول نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق کے مغربی صوبے الانبار اور مرکزی صوبے بابل میں فضائی حملے ناقابل قبول ہیں جو عراق کی خودمختاری کی خلاف ورزی اورایسے وقت میں جب خطے میں غزہ میں تنازعہ کے پھیلنے کا خطرہ دیکھا جارہا ہے غیر ذمہ دارانہ کشیدگی کا اقدام ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایک ایسے وقت میں جب عراق مستقبل کے تعلقات کی تشکیل کرتے ہوئے امریکہ کی زیر قیادت بین الاقوامی اتحاد کے ارکان اور عراق میں اس کے مشیروں کے کردار اور کاموں کے حوالے سے مثبت مفاہمت حاصل کر رہا ہے،ہم ایسے اقدامات کو اس راستے میں رکاوٹ اورسیکورٹی تعاون کے تمام معاہدوں کے لیے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔