صنعا (شِںہوا) یمنی حوثی گروہ نے خلیج عدن میں امریکی بحری جہاز پر میزائل حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے ایک بیان میں کہا کہ فلسطینی عوام کی حمایت اور ہمارے ملک کے خلاف امریکی اور برطانوی جارحیت کے جواب میں ہماری بحری افواج نے خلیج عدن میں امریکی جہاز "جنکو پیکارڈی" کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا جو درست نشانے پر لگے۔
ترجمان نے زور دیکر کہا کہ ہماری افواج یمن کے دفاع اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت جاری رکھنے کے لئے بحیرہ عرب اور بحیرہ احمر میں خطرے کے تمام ذرائع کو نشانہ بنانے سے دریغ نہیں کریں گی اور امریکی اور برطانوی کسی بھی نئے حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
سریع نے کہا کہ ہم صرف اسرائیلی بحری جہازوں یا اسرائیلی بندرگاہوں کی طرف جانے والوں کو نشانہ بناتے ہیں۔ ہماری فوجی کارروائیاں اسرائیل کے غزہ کی پٹی میں فلسطینی علاقے پر حملے اور محاصرہ ختم ہونے تک جاری رہے گی۔
یہ بیان امریکہ کی جانب سےحوثی گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے بعد سامنے آیا ہے جس کا باضابطہ طور پر اطلاق 30 روز میں ہوگا۔
قومی سلامتی کے امریکی مشیر جیک سلیون نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اعلان حوثیوں کی جانب سے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں مصروف عمل امریکی فوجی دستوں اور بین الاقوامی بحری جہازوں پر مسلسل دھمکیوں اور حملوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔