غزہ(شِںہوا) فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ میں جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیر مقدم کیا ہے۔
حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ قرارداد کے ان اصولوں کے نفاذ کیلئے مصالحت کاروں کیساتھ بالواسطہ مذاکرات کیلئے تیار ہے جو ہمارے عوام اور مزاحمت کے مطالبات سے مطابقت رکھتے ہیں جن میں مستقل جنگ بندی ،اسرائیلی فوج کا مکمل انخلا،قیدیوں اور یرغمالیوں کا تبادلہ اور تعمیر نو شامل ہے۔
تنظیم نے اس عزم کو دوہرایا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے قومی حقوق کیلئے اپنی جدوجہد اور کوشش جاری رکھے گی۔
فلسطین کے خبر رساں ادارے وفا کے مطابق فلسطینی ایوان صدر نے غزہ کی پٹی میں جنگ روکنے کے لیے قرارداد کی منظوری کو درست سمت میں ایک قدم قرار دیا ہے۔
ایوان صدر نے تمام فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ قرارداد پر عمل درآمد کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔