غزہ(شِنہوا)اسلامی مزاحمتی تحریک (حماس) کے ایک سینئر عہدیدار نے عرب اور بین الاقوامی ثالثوں سے غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی فضائی حملوں بند کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
حماس کے پولیٹ بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کےغزہ میں دفتر کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ہانیہ نے مصری اور قطری حکام کے ساتھ فون پر بات چیت کی اور ان پر زور دیا کہ وہ غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت کو روکیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اسماعیل ہانیہ نے مشرق وسطیٰ امن عمل کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی رابطہ کار ٹور وینز لینڈ سے بھی بات کی اور ان سے کہا کہ وہ اسرائیل پر غزہ کی پٹی پر فضائی حملے بند کرنے کے لیے دباؤ ڈالیں۔
ادھر فلسطینی ذرائع کے مطابق مصر، قطر اور اقوام متحدہ کشیدگی کی موجودہ لہر پر قابو پانے اور اشتعال انگیزی روکنے کے لیے جنگ بندی تک پہنچنے کی غرض سے فلسطینی اور اسرائیلی فریقوں کے ساتھ اہم مذاکرات کر رہے ہیں۔
فلسطینی سکیورٹی حکام اور عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں، ڈرونز اور ہیلی کاپٹروں نے منگل کی رات غزہ کی پٹی میں حماس کی فوجی چوکیوں پر درجنوں شدید فضائی حملے کیے۔
ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم سکیورٹی حکام نے تصدیق کی کہ 2007 سے حماس کی زیرحکمرانی ساحلی علاقے میں اسرائیلی میزائلوں سے متعدد مکانات اور مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور انہیں شدید نقصان پہنچا۔