سکرامینٹو(شِنہوا) کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے قمری نئے سال کا جشن منانے میں ایشیائی نژاد امریکی برادریوں کی ثقافتی تقریبات میں شرکت کرتے ہوئے نسل پرستی کے خلاف کارروائیوں پر زور دیا۔
گیون نیوسم اور ان کی اہلیہ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ڈریگن سال کا خیر مقدم کرنے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کیلفورنیا کو قمری نیا سال مبارک ہو۔
خاندانی اجتماعات کی روایت، بزرگوں کا احترام اور خوش قسمتی کی علامت سرخ لفافوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ڈریگن کی طاقت اور عزائم سے ترغیب حاصل کریں۔
گیون نیوسم نے کہا کہ کیلیفورنیا کی خاص طاقت اس کی مختلف نسلوں پر مشتمل کمیونٹی ہے لہٰذا قمری نئے سال کے موقع پر ہم ایشیائی نژاد امریکیوں کی غیر معمولی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے ساتھ جشن میں شریک ہیں جو ہماری عظیم ریاست کا حصہ ہیں۔
اس سےقبل گیون نیو سم نےتقریبات کے ثقافتی پہلو سے قطع نظرایک بیان میں ایشیائی نژاد امریکیوں کی "بنیادی خدمات" کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا تھا جنہوں نے سنہری ریاست کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کیا۔
گیون نیوسم نے ایشیائی نژاد امریکیوں کو نشانہ بنانے والے "تشدد اور امتیازی سلوک کی بدصورت تاریخ" کا اعتراف بھی کیا۔