• Dublin, United States
  • |
  • Apr, 27th, 24

شِنہوا پاکستان سروس

گوادر سی پیک کے تحت تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز بنے گاتازترین

November 01, 2022

اسلام آباد (شِںہوا) ادارہ ترقیات گوادر کے ڈائریکٹر جنرل مجیب الرحمان قمبرانی نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی بدولت ضلع گوادر مستقبل میں تجارت اور سرمایہ کاری کا مرکز بن جائے گا۔

اسلام آباد میں قائم تھنک ٹینک سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام "گوادر اور پائیدار ترقی کا راستہ " کے موضوع پر منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب میں قمبرانی نے کہا کہ گوادر اسمارٹ پورٹ سٹی کا ماسٹر پلان ایک صنعتی مرکز کی ترقی کا تصور پیش کرتا ہے جس سے نہ صرف روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوں گے بلکہ علاقے میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان چین کے شہر شین ژین سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے اور ادارہ ترقیات گوادر اس کی بروقت تکمیل پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ ماسٹر پلان کو پاکستانی، چینی اور دیگر حصہ داروں کے درمیان تعاون سے حتمی شکل دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والا گوادربین الاقوامی ہوائی اڈا 2023 میں کام شروع کردے گا اور اس سے ضلع کے ترقیاتی عمل میں اضافہ ہوگا۔

 

گوادر میں گوادر بندرگاہ کے چینی امداد سے بننے والے ایسٹ بے ایکسپریس وے کا فضائی نظارہ۔ (شِںہوا)

 

تھنک ٹینک کے چائنہ اسٹڈی سینٹر کے سینئر مشیرحسن داؤد بٹ نے کہا کہ سی پیک پر پاک ۔ چین تعاون اور نوول کرونا وائرس سے نمٹے میں مدد نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی رفتار کو بدل دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین ہمارے ملک میں کاروباری اور معاشی مواقع کے لئے سازگار ماحول پیدا کر رہا ہے اس لئے ہمیں اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے خود کو تیار کرنا چاہئے۔

تقریب سے خطاب میں ایس ڈی پی آئی کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ساجد امین نے کہا کہ ترقیاتی شعبے اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں علمی شراکت داروں کی حیثیت اور گوادر کی بے پناہ سماجی و معاشی صلاحیتوں کی وکالت میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔