لبریویل(شِنہوا) گیبون میں فوجی افسران نے انتخابی نتائج منسوخ کر دیے ہیں اور ریاستی اداروں کو تحلیل کر تے ہوئےاقتدار پر قبضےکا دعویٰ کیا ہے۔
بدھ کو مقامی میڈیا نے رپورٹ کیاکہ افریقی ملک کی سرحدیں تاحکم ثانی بند کر دی گئی ہیں جبکہ دارالحکومت لبریویل میں فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں ہیں۔
افسران نے کہا کہ عام انتخابات قابل اعتبار نہیں تھے اور نتائج کالعدم ہیں۔
اس واقعے سے قبل گیبون کےقومی انتخابی ادارے نے کہا تھا کہ حکمران گیبونی ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے صدر علی بونگو اونڈیمبا ہفتے کے روز ہونے والے انتخابات میں تیسری مدت کے لیے دوبارہ منتخب ہو گئے ہیں۔
گیبون کے سینئرفوجی افسران کے ایک گروپ نے اعلان کیا کہ انہوں نے اقتدار پر قبضہ کر لیا ہے جب کہ موجودہ صدر علی بونگو کو الیکشن میں دوبارہ منتخب ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔ ان افسران نے کہا کہ انتخابی نتائج منسوخ کر دیے گئے، ریاستی ادارے تحلیل ہو گئے اور تمام سرحدیں اگلے نوٹس تک بند کر دی گئیں۔
سینئر فوجی افسران نے نتائج کے اعلان کے بعد قومی ٹیلی ویژن پر کہا کہ گیبون کے لیے ہم نے موجودہ حکومت کو ختم کرکے امن کا دفاع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے اداروں کی تبدیلی اور بحالی کی کمیٹی کی جانب سے ایک بیان پڑھ کر سنایا۔
بیان میں کہا گیا کہ جمہوریہ کے تمام اداروں کو تحلیل کر دیا گیا ہےجن میں خاص طور پر حکومت، سینیٹ، قومی اسمبلی، آئینی عدالت، اقتصادی، سماجی اور ماحولیاتی کونسل، انتخابات کے لیے گیبونی مرکزشامل ہیں۔
گیبون کے ایوان صدراور حکومت نے ابھی تک اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔