رام اللہ(شِنہوا) غزہ سے تعلق رکھنے والا ایک 65 سالہ فلسطینی قیدی وسطی اسرائیل کی ایک جیل میں دم توڑ گیا۔
موجودہ اور سابق قیدیوں کے امور کی وزارت اور فلسطینی قیدیوں کے کلب کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سات بچوں کے والد نصر ضیادہ 16 اگست کو رملہ جیل میں انتقال کر گئے تھے۔
ضیادہ کو 29 دسمبر 2023 کو ان کے بیٹے جہاد کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا، جو اس وقت جنوبی اسرائیل کی نیگیو جیل میں قید ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ضیادہ اور ان کے بیٹے کو گرفتاری سے قبل غزہ شہر کے علاقے طفاہ میں واقع ان کے گھر میں فیلڈ پوچھ گچھ کے دوران طویل عرصے تک 'بدسلوکی' کا سامنا کرنا پڑا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ضیادہ کی موت کے بعد 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی جیلوں میں جاں بحق ہونے والے قیدیوں کی تعداد 24 ہو گئی ہے۔
بیان میں ضیادہ کی ہلاکت کی مکمل ذمہ داری اسرائیلی حکام پر عائد کی گئی ہے اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی قیدیوں کے خلاف 'جرائم' پر اسرائیل کا احتساب کرے۔
اسرائیلی حکام نے ابھی تک نصر ضیادہ کی موت پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔