غزہ (شِنہوا)غزہ میں حماس کے زیرانتظام وزارت صحت نے کہا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 26ہزار637 تک پہنچ گئی ہے۔
ایک بیان میں وزارت نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 215 فلسطینیوں کوجاں بحق اور 300 کو زخمی کیا، تنازعہ کے آغاز سے اب تک زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی کل تعداد کم از کم 65ہزار387 ہے۔
وزارت نے کہا کہ بہت سے متاثرین اب بھی ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں لیکن ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک نہیں پہنچ سکا۔
دریں اثنا مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم پانچ فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔
دو نوجوانوں کو اسرائیلی فوجیوں نے جنوبی مغربی کنارے میں الخلیل شہر کے قریب دورا گاوں میں گولی مار کر جاں بحق کر دیاجہاں اسرائیلی فورسز نے چھاپہ مارا اور فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپیں کیں۔
وسطی مغربی کنارے میں رام اللہ کے قریب سلواد قصبے میں اسی طرح کے ایک چھاپے کے دوران اسرائیلی فائرنگ سے ایک اور نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ تصادم کے دوران بیت لحم اور جنین سے مزید دو فلسطینیوں کی جاں بحق ہونے کی بھی اطلاع ہے۔