اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کے جاری کردہ ایک تجزیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر شدید بمباری کے دوران 212 اسکولوں کو براہ راست نشانہ بنایا۔
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف)، ایجوکیشن کلسٹر اور سیو دی چلڈرن کی رپورٹ کے مطابق سیٹلائٹ تصاویر سے واضح ہوتا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والی لڑائی کے بعد سے اب تک کم سے کم 53 اسکول "مکمل طور پر تباہ" ہوچکے ہیں جبکہ فروری کے وسط سے اسکولوں پرحملوں میں تقریباً 9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ مرتب کرنے والوں کا کہنا ہے کہ "اسکولوں پر حملوں کے بڑھتے ہوئے رجحان" نے غزہ میں پہلے سے سنگین انسانی صورتحال کو مزید خراب کردیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے زیادہ تر حصوں میں فضائی، زمینی اور سمندر سے بمباری کی ہے۔
غزہ میں 563 اسکولوں کی عمارتیں ہیں جن میں 212 میں سے 165 اسکول ان علاقوں میں ہیں جنہیں اسرائیلی فوج نے براہ راس نشانہ بنایا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق جنوبی خان یونس گورنریٹ میں 62، مڈل ایریا گورنریٹ میں 14، غزہ گورنریٹ میں 94 اور شمالی غزہ گورنریٹ میں 42 اسکول براہ راست نشانہ بنے جو اب تک کا سب سے زیادہ متاثر علاقہ ہے ۔ یہاں 86.2 فیصد اسکولوں کی عمارتیں براہ راست نشانہ بنیں یا انہیں نقصان پہنچا۔
رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) کے زیر انتظام چلنے والے دو اسکولوں میں سے ایک کو گزشتہ برس اکتوبر کے بعد نشانہ بنایا گیا ۔ اس کے علاوہ اسرائیلی گولہ باری اور زمینی آپریشن میں سرکاری عمارتوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔