غزہ (شِنہوا) وسطی غزہ کی پٹی میں المغازی پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم سے کم 70 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔
غزہ میں وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فضائی حملے میں اموات بڑھنے کا خدشہ ہے کیونکہ فضائی حملے میں ایک گنجان آباد رہائشی علاقے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اسرائیلی افواج وسطی خطے میں کیمپوں کے درمیان مرکزی سڑکوں پر بمباری کر رہی ہیں جس سے ایمبولینسوں اور سول گاڑیوں کو متاثرہ مقامات تک پہنچنے سے رکاوٹ کا سامنا ہے۔
مقامی ذرائع نے شِںہوا کو بتایا کہ جاں بحق افراد زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں اور اس وقت مقامی اسپتال مزید زخمیوں کا بوجھ اٹھانے سے قاصر ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ المغازی پناہ گزین کیمپ کے علاوہ اسرائیلی فوج نے وسطی غزہ کے البریج پناہ گزین کیمپ اور جنوبی شہر خان یونس پر بھی حملے کئے ہیں۔
فلسطین ہلال الحمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایک (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں بتایا کہ فوجی قابضین کی جانب شدید فضائی حملوں سے البریج، المغازی اور النصراۃ کیمپوں کے درمیان اہم شاہراہیں بند ہوچکی ہیں جس سے ایمبولینسوں اور امدادی ٹیموں کا کام متاثر ہورہا ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان دفتر کے مطابق وہ حملے کی اطلاعات کا جائزہ لے رہے ہیں۔