• Dublin, United States
  • |
  • Jan, 15th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

غزہ کے مکینوں کی نقل مکانی انتہائی خطرناک ہے: سربراہ اقوام متحدہتازترین

October 14, 2023

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس نے خبردار کیا کہ اسرائیلی فوج کے حکم کے مطابق غزہ کےرہائشیوں کی شمال سے جنوب کی طرف منتقلی انتہائی خطرناک ہے۔

انتونیو گوتریس نے کہا کہ کئی دنوں کے فضائی حملوں کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ شہر اور اس کے اطراف میں موجود فلسطینیوں کو علاقے کے جنوب میں منتقل ہونے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک گنجان آباد جنگی زون میں 10 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ایسی جگہ پر منتقل کرنا انتہائی خطرناک ہے جہاں کھانا، پانی یا رہائشی سہولیات نہیں ہیں  اور پورا علاقہ محاصرے میں ہے اور بعض صورتوں میں یہ ممکن نہیں ہے۔

انہوں نے اسرائیل فلسطین تنازع پرسلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت سے پہلے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ غزہ کےجنوبی ہسپتالوں میں پہلے ہی گنجائش ختم ہو چکی ہے جوشمال سے ہزاروں نئے مریضوں کا علاج نہیں کر سکیں گے۔ صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے، مردہ خانوں میں گنجائش پوری ہو چکی ہے،  ہیلتھ کیئر عملے کے 11 کارکن ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہوئے اور گزشتہ چند دنوں میں صحت کی سہولیات پر 34 حملے ہو چکے ہیں۔

جنوبی غزہ کی پٹی میں فلسطینی اپنے گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کررہے ہیں۔(شِنہوا)

انہوں نےمزید کہا کہ غزہ کے پورے علاقے کو پانی کے بحران کا سامنا ہے کیونکہ بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے اور بجلی سے چلنے والے پمپوں اور پانی سے نمک الگ کرنے کے پلانٹس کو بجلی میسر نہیں ہے۔

گوتریس نے کہا کہ غزہ کی صورتحال خطرناک  سطح پر پہنچ گئی ہے۔