غزہ (شِنہوا)فلسطینی اور اسرائیلی ذرائع نے کہا ہے کہ اسرائیل اور اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے زیر قیادت غزہ کے جنگجووں کے درمیان کشیدگی کا تازہ ترین دور جمعہ کو اختتام پذیر ہوا اور دونوں طرف سے کسی جنگ بندی کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ایک گمنام فلسطینی اہلکار نے شِنہوا کو بتایا کہ عرب ثالثوں خاص طور پر مصر اور قطر نے غزہ کی پٹی کی صورتحال کو پرسکون کرنے کے لیے حماس اور اسرائیل دونوں کے ساتھ رابطے کیے ہیں۔
اہلکار نے کہا کہ فلسطینی دھڑوں نے ثالثوں کو بتایا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے فلسطینی جنگجووں کی پوسٹوں اور تنصیبات پر فضائی حملے جاری رہے تو ان کے جنگجو غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر دوبارہ راکٹ داغنا شروع کر دیں گے۔
عہدیدار نے کہا کہ فلسطینی دھڑے غزہ کی پٹی کے خلاف کسی بھی اسرائیلی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے اور اس کا براہ راست جواب دیں گے۔
دریں اثنا حماس نے ایک پریس بیان جاری کیا جس میں اسرائیل کو مسجد اقصیٰ اور مشرقی بیت المقدس میں فلسطینی عبادت گزاروں پر تشدد جاری رکھنے کے ممکنہ نتائج سے خبردار کیا گیا ہے۔
اسرائیل ریڈیو کے مطابق سینئر اسرائیلی حکام نے اعلان کیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر فضائی حملوں کا حالیہ دور اس شرط پر بند کر دیا گیا ہے کہ اسرائیلی قصبوں اور آبادیوں پر مزید راکٹ حملے نہ کیے جائیں۔