اقوام متحدہ (شِنہوا) چین نےرمضان کے ماہ مقدس کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی سے متعلق سلامتی کونسل کی حالیہ منظورکردہ قرارداد پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوام متحدہ میں چینی مستقل مندوب ژانگ جون نے کہا کہ اس تنازعے کے آغاز سے اب تک 6 ماہ کے دوران 32 ہزار سے زائد فلسطینی شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ ان کے لیے یہ قرارداد خاصی تاخیر سے منظور ہوئی ہے تاہم اگر اس قرارداد پر مکمل اور مؤثر طریقے سے عمل درآمد کیا جائے تو یہ ناقابل فراموش انسانی تباہی سے دوچارغزہ کے لاکھوں افراد کے لئے امید کا باعث بن سکتی ہے جس کے وہ طویل عرصے سے منتظرہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل لازم ہے ۔ ہم متعلقہ فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے منشور کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور قرارداد کے مطابق مناسب کارروائی کریں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ اہم ریاستیں متعلقہ فریقوں پر اثرورسوخ استعمال کرنے میں مثبت کردارادا کریں گی جس میں قرارداد پر عمل درآمد میں تعاون کے لئے ان کے پاس موجود تمام ضروری اور مؤثر ذرائع کا استعمال کرنا بھی شامل ہے۔
چینی مندوب نے ووٹ کے بعد وضاحتی تقریر میں کہا کہ شہریوں کے لئے نقصان دہ تمام اقدامات فوری ختم اور غزہ پر حملے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں۔ ماہ رمضان میں جنگ بندی صرف پہلا قدم ہےجسے اشتعال انگیزی کے مستقل اور پائیدار خاتمے کی بنیاد کے طور پر استعمال کیا جانا چاہئیے۔
ژانگ نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی غزہ کی ناکہ بندی اور انسانی امداد تک رسائی میں انسان کی پیدا کردہ رکاوٹیں فوری طور پر ختم کرنی چاہیئے تاکہ غزہ میں مناسب مقدار میں انسانی امداد کی بروقت اور محفوظ طریقے سے ضرورت مندوں تک پہچانا یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو رفح اور دیگر زمینی گزرگاہوں کو کھولنے میں مکمل تعاون کرنا چاہیئے۔ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کا ادارہ یو این آر ڈبلیو اے کا وجود غزہ کے عوام کے لیے عالمی انسانی امداد کے حصول میں ناگزیر ہے۔ ہم تمام فریقین پر زور دیتے ہیں کہ وہ یو این آر ڈبلیو اے کو رقم کی فراہمی جلد از جلد مکمل طور پر بحال کریں۔ ہم یو این آر ڈبلیو اے اور مجموعی طور پر اقوام متحدہ کے نظام کو بری طرح نشانہ بنانے کی اسرائیلی مہم کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔