آکرا (شِنہوا) چین اور گھانا کے درمیان تعاون آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ گھانا کی زیادہ سے زیادہ یونیورسٹیوں کے کیمپس میں مختلف ثقافتی سرگرمیوں اور تبادلے کے فروغ میں چینی زبان کی مقبولیت بھی فروغ پارہی ہے۔
گھانا کی معروف ترین جامعات میں سے ایک کوامے نکرومہ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (کے این یو ایس ٹی) مغربی افریقی ملک میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کی تازہ ترین میزبان بن گئی ہے۔
کے این یو ایس ٹی میں عالمی پروگرام آفس کے ڈین ڈینیئل دعاہ نے شِنہوا کو ایک انٹرویو میں بتایا کہ کے این یو ایس ٹی نے چین کو ہمیشہ ایک اہم شراکت دار سمجھا ہے اور نصاب میں چینی زبان کی تعلیم کو شامل کرنے کا یہ مناسب وقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ "ہم نے ہوبے یونیورسٹی آف آٹوموٹو ٹیکنالوجی کے ساتھ شراکت داری کا فیصلہ کیا ہے تاکہ یہاں نہ صرف زبان بلکہ ثقافتی اور عالمی تعلیمی تبادلوں کے لئے کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ قائم کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیزی سے رونما تبدیلیوں میں کوویڈ 19 وبائی مرض سے سبق حاصل ہوا ہے۔ سیکھنے والوں کو دنیا بھر میں مختلف ثقافتیں اور زبان کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا ایک بدلتی جگہ ہے اور کوویڈ 19 نے ہمیں سکھادیا ہے کہ دنیا ایک عالمی گاؤں ہے اور آپ شراکت داری کے بغیر زیادہ عرصہ چل نہیں سکتے اور یہ ہمارے طلباء کے لئے مختلف ثقافتی سرگرمیوں کے حصول کا ایک موقع ہے جو ہم کیمپس میں چاہتے ہیں۔