پیرس(شِنہوا) فرانس کے صدر ایمانیول میکرون نےاپنی جماعت کے یورپی پارلیمنٹ الیکشن میں شکست کے بعد ملک کی قومی اسمبلی تحلیل کرتے ہوئے 30 جون کو نئے انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے ۔
فرانس کے صدر کی پارٹی نے یورپی پارلیمنٹ کے الیکشن میں 15.2 فیصد ووٹ حاصل کئے جبکہ اس کے مقابلے میں حزب اختلاف کی نیشنل ریلی پارٹی نے31.8 فیصد ووٹ حاصل کئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق فرانسیسی صدر نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ میں نے عوام کو ووٹ کے ذریعے اپنے پارلیمانی مستقبل کا انتخاب واپس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس لئے میں قومی اسمبلی تحلیل کر رہا ہوں۔ اسمبلی کے انتخابات 30 جون اور 17 جولائی کو دومرحلوں میں ہوںگے۔ یہ ایک سنجیدہ اور سخت فیصلہ ہے لیکن یہ سب سے بڑھ کراعتماد کا عمل ہے۔
نیشنل ریلی پارٹی پارٹی کے صدر جورڈن برڈیلا نے یورپی الیکشن نتائج کے بعد کہا کہ صدارتی اکثریت اور حزب اختلاف جماعت کے درمیان غیرمعمولی فرق میکرون کی پالیسیوں کی سخت ناپسندیدگی اور انہیں مسترد کرنے کی عکاسی کرتا ہے۔
نیشنل ریلی پارٹی کی پارلیمانی پارٹی رہنما میرین لی پین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ ہم انتخابات کے لئے تیار ہیں اور میں فرانس کے عوام پر زور دیتی ہوں کہ وہ خدمت کے واحد مقصد کیلئے ہماری پارٹی کو اکثریت دلوانے میں ہمارا ساتھ دیں ۔
یورپی پارلیمنٹ انتخابات چھ سے نو جون تک جاری رہےجس میں یورپی یونین کے 27رکن ممالک کے ووٹرز نے 10ویں یورپی پارلیمنٹ کے لیے 720 قانون سازوں کا انتخاب کیا۔