رم اللہ(شِنہوا)فلسطین کے صدر محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی اسرائیلی حکومت کی خلاف ورزیوں کا جواب دینے کیلئے بین الاقوامی جواز کے ساتھ قانونی اقدامات اٹھاتے رہیں گے۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وافا کے مطابق محمود عباس نے مغربی کنارے کے شہر رم اللہ میں اپنی زیر صدارت منعقدہ فلسطین لبریشن آرگنائزیشن(پی ایل او) ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ اسرائیلی وزیر قومی سلامتی ایتمار بن گویر کا مشرقی بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے احاطے میں داخل ہونا بنجمن نیتن یاہو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ نئی پالیسی کے نفاذ کا آغاز ہے۔
محمود عباس نے مزید کہا کہ ہم واضح طور پر (اسرائیلی) حکومت کی اس پالیسی کو مسترد کرتے ہیں لیکن ہمیں دنیا کے مختلف ممالک اور اسرائیل کے اندر سے بھی اس پالیسی کو مسترد کرنے کی صدائیں سنائی دے رہی ہیں۔
دریں اثنا، ایک سرکاری بیان میں پی ایل او کی ایگزیکٹو کمیٹی نے ایتمار بن گویر کے مسجد اقصیٰ کے دورے کے خطرناک نتائج سے خبردار کرتے ہوئے اس سنگین جرم کا سیاسی طور پر مقابلہ کرنے کیلئے عرب لیگ کونسل اور اسلامی تعاون تنظیم کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔