رم اللہ(شِنہوا)فلسطینی صدرمحمودعباس اور ان کےاسرائیلی ہم منصب اسحاق ہرزوگ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ فلسطینی علاقوں اور پورے مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام قائم ہو جائے گا۔
فلسطین کی سرکاری خبررساں ایجنسی(وفا)کے مطابق ہرزوگ نے اس سال 23 مارچ سے شروع ہونے والے رمضان کے مقدس مہینے کے موقع پر مبارکباد دینے کے لیے عباس کو ٹیلی فون کیا۔
یہ فون کال مغربی کنارے اور مشرقی بیت المقدس میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان اس سال کے آغاز سے جاری کشیدگی کی صورتحال میں کی گئی۔
جنوری سے لے کر اب تک کم سے کم 89 فلسطینی اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں قتل کئے جاچکے ہیں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسی عرصے میں فلسطینیوں کی جانب سے کیے جانے والے حملوں میں 15 اسرائیلی مارے گئے۔
ٹیلی فون پر یہ بات چیت مصرکے بحیرہ احمر کے تفریحی مقام شرم الشیخ میں منعقد ہونے والے پانچ فریقی اجلاس کے دو دن بعد ہوئی جس میں فلسطینی اتھارٹی، اسرائیل، مصر، اردن اور امریکہ کے نمائندے جمع تھے۔
اجلاس کے بعد جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق پانچوں فریقوں نے کشیدگی کو کم کرنے، مزید تشدد کو روکنے کے ساتھ ساتھ اعتماد سازی کے اقدامات کو آگے بڑھانے اور براہ راست بات چیت کے ذریعے بقایا مسائل کو حل کرنے کی ضرورت کو تسلیم کیا۔